گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دھماکے، 14 مزدور ہلاک

،تصویر کا ذریعہPir Baksh Kamari
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے گڈانی میں دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ 35 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کو گڈانی میں واقع شپ بریکنگ یارڈ میں ایک بحری جہاز کو توڑنے کے دوران پیش آیا تھا جب زوردار دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ بڑی تعداد میں مزدور ایک آئل ٹینکر کو توڑنے میں مصروف تھے کہ اس دوران دھماکے ہوئے۔
بلوچستان کے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے اہلکار کا کہنا ہے کہ منگل کی شام تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
دھماکے اور آتشزدگی میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے حب اور کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPir Baksh Kamari
زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
گڈانی بلوچستان کی اس ساحلی پٹی پر واقع ہے جو کراچی کے قریب ہے اور یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے۔
اس شپ بریکنگ یارڈ میں پہلے بھی اس طرح کے حادثات پیش آتے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مزدور تنظیموں کا کہنا ہے کہ شپ بریکنگ یارڈ میں اس طرح کے واقعات مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔





















