آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’چُٹکی بجا کر امپائر کو دھوکہ دیا گیا‘: برطانیہ کی مقامی لیگ کا میچ جو دنیا بھر میں وائرل ہوا
- مصنف, جونٹی کولمین
- عہدہ, بی بی سی سپورٹ
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 4 منٹ
برطانیہ کی ایک مقامی کرکٹ لیگ کا معمولی سا میچ اس وقت عالمی سرخیوں کا حصہ بنا جب ایک فیلڈر پر اپنی انگلیوں سے چٹکی بجا کر دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا۔
نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ نے سالٹ برن اور نورٹن کے درمیان سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو کے ایک میچ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل میچ کی ایک ویڈیو میں بظاہر سالٹ برن ٹیم کے ایک فیلڈر بلے باز نعمان شبیر کے بلے کے پاس سے گیند گزرنے کے بعد چٹکی بجاتے ہیں۔ اس کے بعد وکٹ کیپر جوش بوز گیند کو کیچ کر لیتے ہیں۔ سالٹ برن کی ٹیم اپیل کرتی ہے اور امپائر شبیر کو آؤٹ قرار دیتے ہیں۔
اس ویڈیو کی بنیاد پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ چٹکی بجانے کا مقصد امپائر کو یہ دھوکہ دینا تھا کہ شاید گیند بلے باز کے بیٹ کو چھو کر گزری ہے۔
اس میچ میں سالٹ برن نے ہی 159 رنز سے کامیابی حاصل کی اور 18 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ ڈویژن 2 میں سرفہرست ہے۔
ویڈیو میں ایسا کیا ہے؟
ویڈیو کی بنیاد پر بولنگ ٹیم پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بلے باز کے قریب کھڑے فیلڈر نے چٹکی بجانے کی آواز پیدا کی۔ یہ آواز اسی وقت پیدا ہوئی جب گیند بلے کے قریب تھی۔
جیسے ہی گیند وکٹ کیپر نے پکڑی تو بولنگ ٹیم نے اپیل کر دی اور امپائر نے آؤٹ کا فیصلہ دیا۔
یہ الزام عائد کیا گیا کہ امپائر کو لگا کہ یہ آواز گیند بلے سے لگنے کی ہے اور کیپر نے کیچ پکڑا ہے۔ یوں مبینہ طور پر ٹیم کو مبینہ چیٹنگ کے ذریعے وکٹ حاصل ہوئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیگ نے ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ سنیچر کے روز ڈویژن ٹو کے ایک میچ میں مبینہ چیٹنگ کے واقعات کے حوالے سے ایک باضابطہ شکایت موصول ہوئی ہے۔
’مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جب تک باضابطہ کارروائیاں مکمل نہیں ہو جاتیں، اس وقت تک مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔‘
گذشتہ ہفتے وکٹ کیپر بوز نے شلڈن ریلوے کے خلاف سالٹ برن کی 22 رنز کی فتح میں آٹھ کیچ لیے تھے۔ یاد رہے کہ عالمی ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک ایک اننگز کے دوران وکٹ کیپر کی جانب سے سات کیچز پکڑنے کا ریکارڈ ہے۔
بوز 31 کیچز کے ساتھ لیگ میں سرفہرست ہیں، جو کسی بھی دوسرے کھلاڑی سے زیادہ ہیں۔
روری کوٹریل، جنھوں نے گذشتہ ماہ سالٹ برن کے خلاف 29 رنز کی شکست میں مڈلزبرا سیکنڈ الیون کی قیادت کی تھی، نے ویڈیو پر مشتمل ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں اس میچ میں سالٹ برن کی جانب سے دھوکہ دہی کے مزید دو واقعات کا الزام لگایا۔
واقعے کی اصل ویڈیو کو ایکس پر 50 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ عالمی سطح پر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک کا میڈیا بھی اس واقعے کو رپورٹ کر رہا ہے۔
بی بی سی سپورٹ کو معلوم ہوا ہے کہ سالٹ برن، لیگ اور قانونی نمائندوں کے درمیان منگل کی شب ایک ملاقات متوقع ہے۔ اس حوالے سے نورٹن نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔