آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’مجھے لگتا ہے کہ وہ میرا بیٹا ہے‘: ورلڈ کپ کے ’حقیقی فاتح‘ تین سالہ کائن کا جشن جو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہا ہے
ارجینٹینا کے خلاف ورلڈ کپ فائنل جیتنے کے بعد لامین یمال جشن منا رہے ہیں۔ ایسے میں ایک ننھا بچہ اُن کی جانب دوڑا چلا آ رہا ہے۔ یمال اُسے گود میں اُٹھا لیتے ہیں اور پیار کرتے ہیں۔
اس منظر نے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے اور بہت سے صارفین اسے ورلڈ کپ کا دوسرا فاتح قرار دے رہے ہیں۔
تین سال کائن لامین یمال کا بھائی ہے اور ورلڈ کپ فائنل کے بعد ٹرافی کے ہمراہ اُن کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔
سٹیڈیم کی نشستوں سے لے کر میدان تک، ان کے بے ساختہ ردعمل اور بچگانہ انداز میں جشن ایسی ویڈیوز میں تبدیل ہو گئے جنھیں لاکھوں بار دیکھا گیا، یہاں تک کہ بہت سے لوگوں نے انھیں ٹورنامنٹ کا ’حقیقی فاتح‘ قرار دیا۔
کائن نے مداحوں کے دل کیسے جیتے؟
ٹورنامنٹ کے آغاز ہی سے کائن نے اپنی معصومیت اور جوش و خروش کے باعث ان میدانوں کی نشستوں میں توجہ حاصل کی جہاں سپین کے میچ کھیلے گئے۔
کیمرے بار بار انھیں جوش سے چیختے اور اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دکھاتے رہے، جبکہ ان کے معصوم چہرے کے تاثرات اور بے ساختہ حرکات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وسیع پیمانے پر زیرِ گردش رہیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ، ان کی مسلسل موجودگی ہسپانوی ٹیم کے میچوں کا ایک مانوس منظر بن گئی، یہاں تک کہ کچھ شائقین نے ٹیم کے ٹائٹل تک کے سفر کے دوران انھیں اس کی ’خوش قسمتی کی علامت‘ قرار دیا۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھی یہ ننھا بچہ جشن کے دوران توجہ کا مرکز بنا رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ میدان عبور کرتے ہوئے اپنے بھائی لامین کی جانب دوڑا تاکہ فتح کا جشن ان کے ساتھ منا سکے جبکہ اس کے ہاتھ میں گول کے جال کا ایک ٹکڑا تھا جسے اس نے فائنل میچ کی یادگار کے طور پر سنبھال کر رکھا تھا۔
وہ ایک ایسی ٹوپی پہنے بھی نظر آیا جو اس کے قد سے بڑی معلوم ہو رہی تھی، جبکہ وہ کھلاڑیوں اور خاندان کے افراد کے درمیان گھوم رہا تھا۔ بعد ازاں کیمروں نے اسے گھاس پر لیٹے ہوئے بھی دکھایا، جہاں ٹائٹل تقریب کے بعد میدان رنگ برنگے کاغذی ٹکڑوں سے ڈھکا ہوا تھا۔
یہ سادہ اور بے ساختہ مناظر تھے، لیکن یہی وہ لمحے ہیں جو سوشل میڈیا صارفین کو پسند آتے ہیں، کیونکہ یہ رسمی پن اور بناوٹ سے دور تھے اور انھوں نے ٹورنامنٹ کو ایک ایسے بچے کی نظر سے دکھایا جو اپنے بھائی کی خوشی اسی طرح محسوس کر رہا تھا جیسے لاکھوں مداح۔
’مجھے لگتا ہے کہ وہ میرا بیٹا ہے‘
ان مناظر کو اس لیے بھی وسیع پذیرائی ملی کیونکہ دونوں بھائیوں کے درمیان ایک مضبوط تعلق موجود ہے۔
کائن لامین یمال کے مداحوں کے لیے کوئی نیا چہرہ نہیں ہیں، کیونکہ کھلاڑی اکثر اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں، چاہے وہ کھیلوں کی کامیابیوں کے جشن ہوں یا میدان سے دور خاندانی مواقع۔
یمال کئی بار اپنے چھوٹے بھائی سے وابستگی کا ذکر کر چکے ہیں۔ اُنھوں نے فیفا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کائن ’میرے لیے سب کچھ ہیں‘ اور یہ بھی کہ وہ ان سے اس قدر محبت کرتے ہیں کہ انھیں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ان کے اپنے بیٹے ہوں۔
دونوں کے درمیان عمر کا فرق 16 سال ہے۔ کائن 2022 میں پیدا ہوئے اور وہ یمال کے سوتیلے بھائیوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی والدہ شیلا ایبانا نے انھیں لامین کے والد سے علیحدگی کے کئی سال بعد جنم دیا۔
یمال کی ایک سوتیلی بہن بھی ہیں جو ان کے والد منیر نصراوی سے ہیں۔
بہت سے مداحوں نے کائن کی موجودگی کو محض سٹیڈیم میں موجود ایک بچے کی دلکش جھلکیاں نہیں سمجھا، بلکہ اسے ایک گرمجوش خاندانی رشتے کی عکاسی قرار دیا جو ٹورنامنٹ کے دوران نمایاں ہوا۔
جب لامین اپنی فٹبال زندگی کا ایک نیا باب رقم کر رہے تھے، کائن نے بھی مداحوں کے دلوں تک رسائی حاصل کر لی اور ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اور زیرِ بحث چہروں میں سے ایک بن گئے۔
’کیا اس سے بھی زیادہ خوبصورت منظر ہو سکتا ہے‘
سپین کے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد کائن کے حوالے سے صارفین اپنی آرا کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تصاویر اور ویڈیوز وسیع پیمانے پر شیئر کر رہے ہیں۔
ایکس پلیٹ فارم پر دونوں بھائیوں کے جشن کی تصاویر اور ویڈیوز درجنوں پوسٹس میں نمایاں رہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’سپین کی تاریخی ورلڈ کپ فتح کے جشن کے دوران یمال نے اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ ٹرافی اٹھا کر سب کی توجہ حاصل کر لی، ایک ایسا خاندانی منظر جس نے دل جیت لیے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’میچ کے شور و غوغا سے دور، یمال نے اپنے سب سے قیمتی لمحات اپنے بھائی کے ساتھ بانٹنے کا انتخاب کیا۔‘
بعض دیگر نے مختصر الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’یمال اور ان کا بھائی... کیا اس سے زیادہ خوبصورت منظر بھی ہو سکتا ہے؟‘
بعض صارفین نے صرف کائن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انھوں نے یہ سب لامین کے چھوٹے بھائی کے لیے کیا، جس سے مراد سپین کی فتح اور وہ مقبولیت تھی جو اس بچے نے ٹورنامنٹ کے دوران حاصل کی۔