طیبہ کی ماں ہونے کی دو دعویدار عدالت پہنچ گئیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سپریم کورٹ میں جمعے کو اسلام آباد میں ایک کمسن گھریلو ملازم پر مبینہ تشدد کے واقعے کے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر والدین اپنے بچوں کو تحفظ نہیں دے سکتے تو عدالت ان کی محافظ بنے گی۔
سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کے تحت بچوں پر ہونے والے تشدد کو ان کے والدین بھی معاف نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونے والی دس سالہ کمسن طیبہ کی ماں ہونے کی دعویدار دو خواتین سپریم کورٹ میں پہنچ گئیں۔ یہ دونوں خواتین فیصل آباد کی رہائشی ہیں ان میں سے ایک کا نام فرزانہ اور دوسری کا نام کوثر ہے۔
عدالت نے ڈی آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے جو کہ تین روز میں اپنی جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں تفتیش کے لیے کم از کم دو ہفتوں کی مہلت دی جاۓ لیکن عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے متاثرہ بچی اور اس کے والدین کو عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ بچی، اس کے والدین اور تمام تفتیشی ریکارڈ عدالت میں 11 جنوری کو اگلی سماعت میں پیش کیا جائے۔
عدالت میں آج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ خرم علی خان کی اہلیہ کو بھی پیش کیا گیا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ اس معاملے کو بھی دیکھے گی کہ صلح نامہ یا راضی نامہ کس بنیاد پر ہوا کیونکہ تشدد کے ایسے واقعات میں صلح نامہ یا راضی نامہ اس لیے قابل قبول نہیں ہوتا کیونکہ ان واقعات میں دباؤ کا عنصر ہوتا ہے۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونے والی دس سالہ کمسن طیبہ کی ماں ہونے کی دعویدار دو خواتین سپریم کورٹ میں پہنچ گئیں۔ یہ دونوں خواتین فیصل آباد کی رہائشی ہیں ان میں سے ایک کا نام فرزانہ اور دوسری کا نام کوثر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُن خواتین نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹیاں گذشتہ دو سال قبل اغوا کی گئی تھیں اور اس واقعے کے بعد ٹی وی پر جس لڑکی کی فوٹیج چلائی گئی ہے وہ اُن کی بیٹی دکھائی دیتی ہے۔ اس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو لڑکی کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش کو مکمل کرنے کے لیے ماڈرن طریقے استعمال کیے جائیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ایک خصوصی ٹیم طیبہ کو لینے کے لیے فیصل آباد اور جڑانوالہ پہنچی تاہم ابھی تک متاثرہ لڑکی اور اُن کے والدین تک پہنچنے میں کامیابی ہو سکی۔
مقدمے کی اگلی سماعت 11 جنوری کو ہو گی۔






















