اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے ’سیکیورٹی بفر زون‘ سے پیچھے نہیں ہٹے گی: اسرائیلی وزیرِ اعظم

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے سیکیورٹی بفر زون سے نہیں نکلے گی۔
جمعرات کی شام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے غزہ سے متصل علاقوں میں سلامتی اور خوشحالی کو بحال کیا، اسی طرح ہم شمالی اسرائیل کے شہروں اور دیہات میں بھی امن یقینی بنائیں گے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی کابینہ کے ارکان کی جانب سے امریکہ، ایران مفاہمتی یادداشت پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں سیکیورٹی بفر زون کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اور ہم وہاں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
واضح رہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شق امریکہ، ایران مفاہمتی یادداشت میں شامل ہے اور ایران کا اصرار رہا ہے کہ وہ لبنان کی علاقائی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے بھی ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے چند گھنٹوں بعد کہا تھا کہ وہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان لبنان اور دیگر تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی توقع کرتے ہیں۔
جمعرات کو جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ فورسز کے درمیان مسلسل جھڑپوں کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔

