آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, امریکہ کا ایرانی وفد کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے کا اعلان

امریکی حکومت نے ایرانی حکام کو اگلے ہفتے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں۔ جن ایرانی عہدیداروں کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے ان میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔

خلاصہ

  • امریکہ کا ایرانی وفد کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کی اجازت دینے کا اعلان
  • امریکہ نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی
  • سیستان و بلوچستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے تین افراد ہلاک کر دیے: ایرانی وزارتِ اطلاعات کا دعویٰ
  • مقدس مقامات کے تحفظ کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے: ایران
  • ایرانی سکول اور سپورٹس سینٹر پر امریکی حملوں کو جنگی جرائم سمجھنے کی معقول وجہ موجود ہے: اقوام متحدہ کے ماہرین

لائیو کوریج

  1. خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں چھ اہلکار ہلاک، مختلف کارروائیوں کے دوران 10 شدت پسند مارے گئے: آئی ایس پی آر

    پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں میں عسکریت پسند گروہ کے 10 ارکان ہلاک مارے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر حملے میں چھ اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کارروائی کی۔

    بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں عسکریت پسند گروہ کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو میں ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران مزید چار عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

    بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے چھ اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شدت پسندوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے چھ اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

  2. سلامتی کونسل میں روس اور چین نے ایران پر پابندیوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کی مدت میں توسیع کی امریکی قرارداد ویٹو کردی

    اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران روس اور چین نے ایران پر عائد پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کی کمیٹی کی مدت میں توسیع کی امریکی تجویز کو ویٹو کر دیا۔

    جمعرات کے روز ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی وفد کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملے کا جائزہ مکمل کر چکی ہے اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کا معاملہ اب کونسل کے زیرِ غور موضوعات کی فہرست سے خارج ہو چکا ہے۔

    روسی وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اس قرارداد کی مدت 18 اکتوبر 2025 کو ختم ہو چکی ہے، اس لیے اس اجلاس کے انعقاد کے لیے کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔

    امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں نے ایران پر عائد پابندیوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کی مدت میں توسیع کی تجویز دی گئی تھی۔

    اس قرارداد کے حق میں 11 ووٹ آئے جبکہ پاکستان اور سومالیہ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ تاہم اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان روس اور چین کے ویٹو کے باعث یہ قرارداد منظور نہ ہو سکی۔

    اقوامِ متحدہ میں ایران کے مشن نے امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے کو مسترد کرنے پر روس اور چین کا شکریہ ادا کیا۔

    ایکس پر جاری ایک بیان میں مشن کا کہنا ہے کہ ’ایران روس اور چین کے مستقل، اصولی مؤقف اور آج کے ان کے فیصلہ کن اقدامات کو گہری قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا کہ روس اور چین نے ’امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے سلامتی کونسل کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی ایک اور موقع پرستانہ کوشش کو ناکام بنا دیا۔‘

  3. جب تک ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی: ایرانی رہبرِ اعلیٰ کے مشیر کا بیان

    ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے سیاسی مشیر محمد باقر ذوالقدر کا کہنا جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں ہیں ان کا ملک آبنائے ہرمز کو کھولنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کی جانب سے جمعرات کو شائع کیے گئے ایک بیان میں ذوالقدر کا کہنا تھا کہ ’ایرانی قوم نے جارح دشمن کی طاقت توڑنے اور متکبر قوتوں کی کمر توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نےتن یاہو کو اقتدار سے نہیں ہٹا دیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایرانی قوم کے انتقام کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایک طرف جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ یا مذاکرات کے حوالے سے بار بار اور بعض اوقات متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں وہیں ایران کے اندر بھی اس بات پر اختلافات گہرے ہوتے جا رہے ہیں کہ آیا امریکہ کے ساتھ فوجی محاذ آرائی جاری رکھی جائے یا مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے۔

    ملک کی بعض اعلیٰ سیاسی شخصیات بشمول صدر مسعود پزشکیان اور پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف امریکہ سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کرے اور اسے جنگ کے خاتمے کے لیے ایک لازمی شرط کے طور پر تسلیم کرے۔ دوسری جانب سخت گیر شخصیات، جن میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر بھی شامل ہیں، جنگ جاری رکھنے اور آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کو امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ مؤثر حکمتِ عملی قرار دے رہی ہیں۔

    دریں اثنا، بڑھتی ہوئی مہنگائی، اقتصادی پابندیوں اور ایران کی جنوبی بندرگاہوں کے بحری محاصرے نے ملک کے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرنسیوں کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں کمی نے عوام کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  4. امریکہ کا ایرانی وفد کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے کا اعلان

    امریکی حکومت نے ایرانی حکام کو اگلے ہفتے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں۔

    بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ جن ایرانی عہدیداروں کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے ان میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعرات کو اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفد کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد ہوں گی اور اسے بعض امریکی مصنوعات خریدنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان سات ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ فروری میں شروع ہونے والی اس جنگ کے باعث عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے اثرات پڑوسی ممالک تک بھی پھیل چکے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’میزبان ملک کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کے مطابق، ایرانی حکومت کے مرکزی وفد کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔‘

    انھوں نے کہا ’وفد کی نقل و حرکت پر پابندیاں ہوں گی اور ہماری پالیسی کے مطابق انھیں لگژری اور بعض دیگر اشیا کی خریداری کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ وفد گذشتہ سال کے مقابلے میں چھوٹا ہے۔‘

    گذشتہ سال ایران سے آنے والے سفارت کاروں پر کاسٹکو جیسے ہول سیل سٹورز سے خریداری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ زیورات، شراب اور گاڑیوں سمیت لگژری اشیا خریدنے سے قبل انھیں امریکی حکام سے اجازت لینا ضروری تھا۔

    اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 81واں اجلاس اس وقت جاری ہے۔ اس سالانہ اجتماع کا مرکزی حصہ سمجھی جانے والی جنرل ڈیبیٹ منگل سے شروع ہونے والی ہے۔

  5. امریکہ نے سعودی عرب کو 48 ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی

    امریکہ نے سعودی عرب کو ایف 35 لائٹننگ ٹو سٹرائیک فائٹر لڑاکا طیاروں اور متعلقہ دفاعی سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

    امریکہ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی کل مالیت 24.3 ارب ڈالر ہے۔

    بیان کے مطابق سعودی عرب نے 48 عدد ایف 35 لائٹننگ ٹو سٹرائیک فائٹرلڑاکا طیارے خریدنے کی درخواست کی تھی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ’اس مجوزہ فروخت سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو تقویت ملے گی کیونکہ اس کے ذریعے ایک اہم غیر نیٹو اتحادی ملک کی سکیورٹی بہتر بنائی جائے گی، جو خلیجی خطے میں سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک مؤثر قوت سمجھا جاتا ہے۔‘

    ’یہ مجوزہ معاہدہ سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا، اس کی سرزمین کے دفاع کو مضبوط بنائے گا اور امریکی افواج، دیگر علاقائی شراکت داروں اور نیٹو افواج کے ساتھ باہمی عملی تعاون کو بہتر بنائے گا۔‘

    ’دفاعی سازوسامان کی مجوزہ فروخت اور معاونت سے خطے میں فوجی طاقت کا توازن تبدیل نہیں ہوگا۔‘

  6. سیستان و بلوچستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے تین افراد ہلاک کر دیے: ایرانی وزارتِ اطلاعات کا دعویٰ

    ایران کی وزارتِ اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں تین ایسے سیلز کے خلاف کارروائی کی گئی جو صوبے کے جنوبی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    وزارتِ اطلاعات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تین افراد ہلاک جبکہ نو دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ یہ افراد بیرونِ ملک سے فوجی تربیت، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد خفیہ طریقے سے ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

    وزارتِ اطلاعات نے مزید دعویٰ کیا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ ایک علیحدہ کارروائی میں سیستان و بلوچستان سے ہلکے اور نیم بھاری ہتھیاروں کا ایک ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

  7. مقدس مقامات کے تحفظ کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے: ایران

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ’مقدس مقامات کے تحفظ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے اور اسے اختلافات بھڑکانے یا علاقائی کشیدگی میں اضافے کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔‘

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں اسماعیل بقائی نے لکھا کہ اسلامی مقدس مقامات پر کسی بھی قسم کی جارحیت، بالخصوص مکہ، مدینہ اور مسجد اقصیٰ پر حملہ، یا ان مقامات کے زائرین اور مکینوں کو خطرے میں ڈالنا، قابلِ مذمت ہے۔

    واضح رہے کہ یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے قائم عسکری اتحاد نے گذشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ’حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ڈرون مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے روک کر تباہ کر دیا گیا۔‘

    تاہم حوثیوں کی جانب سے مکہ پر ڈرون حملہ کرنے کے الزام کی تردید کی گئی تھی۔

    اسماعیل بقائی کا کہنا تھا: ’صرف یہ دعویٰ کہ مکہ کی جانب جانے والے ایک ڈرون کو روکا گیا، کسی مخصوص فریق پر الزام عائد کرنے کے لیے کافی بنیاد نہیں بن سکتا۔‘

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا: ’یہ بھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے کہ ہمارے خطے میں، خصوصاً حالیہ مہینوں کے دوران، متعدد ’فالس فلیگ‘ آپریشن کیے گئے جن کا مقصد اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے خطے میں کیے گئے جرائم سے عوامی توجہ ہٹانا اور اور اسلامی ممالک کے درمیان تفرقہ پیدا کرنا تھا۔‘

    فالس فلیگ ایک ایسی کارروائی کو کہا جاتا ہے جو کی تو کسی اور نے ہو، لیکن اس کی ذمہ داری کسی اور پر عائد کر دی گئی ہو۔

    اسماعیل بقائی نے کہا: ’احتیاط اور ہوشیاری سے کام لینا ضروری ہے۔‘

  8. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • ایران کے پاسداران انقلاب نے قشم کی فضائی حدود میں امریکی فوج کا ایم کیو۔9 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
    • سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع (سول ڈیفنس) کا کہنا ہے کہ فضا میں تباہ کیے گئے ایک ڈرون کا ملبہ طائف شہر پر گِرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
    • ایران سے متعلق حقائق معلوم کرنے والے اقوام متحدہ کے مشن نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس کے پاس یہ یقین کرنے کی معقول بنیادیں موجود ہیں کہ فروری میں ایران میں ایک سکول اور کھیلوں کے ایک مقام پر ہونے والے دو فوجی حملوں کے پیچھے امریکہ تھا، اور یہ کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔
    • امریکی ڈرون ساز کمپنی پاور یو ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستانی فوج کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کمپنی کو بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز) سے متعلق ابتدائی آرڈر بھی ملا ہے۔
  9. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔