پرنسپل کے بارے میں پوچھ گچھ کے بعد مسلح افراد کی فائرنگ، تین طالبات زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
نوشکی شہر کے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں تین طالبات زخمی ہوئیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے دو طالبات کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ تین نقاب پوش مسلح افراد کالج میں داخل ہوئے اور کالج کی پرنسپل کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ ان کے مطابق اس وقت پرنسپل اپنے دفتر میں موجود نہیں تھیں۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ مسلح افراد واپسی کے وقت فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بعض گولیاں عمارت کی چھت سے ٹکرانے کے بعد طالبات کو لگیں، جس کے نتیجے میں تین طالبات زخمی ہو گئیں۔
زخمی طالبات کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں انھیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں دو طالبات کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
ٹیچنگ ہسپتال نوشکی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والی تینوں طالبات کو ہسپتال لایا گیا تھا۔ ان کے مطابق دو طالبات کو گولیاں لگی تھیں، جبکہ تیسری طالبہ معمولی زخمی ہوئی اور اسے خراشیں آئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 24 گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انھوں نے رخشان ڈویژن میں تمام تعلیمی اداروں، خصوصاً گرلز کالجوں، کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔













