دانہ سر: بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں بس کھائی میں جا گری، 40 مسافر ہلاک

،تصویر کا ذریعہDistrict Administration Sherani
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو، کوئٹہ
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 3 منٹ
بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ضلع شیرانی میں ایک مسافر بس کے حادثے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ میں ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق یہ حادثہ جمعے کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آیا اور حادثے کا شکار ہونے والی بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے حادثے میں 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آٹھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اس کے اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی سوار تھے۔
ان کے مطابق بظاہر بس میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے تاہم متعلقہ افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا تاہم مقامی حکام کے مطابق بس ایک گہری کھائی میں گری جس کی وجہ سے مسافروں تک پہنچنے اور ان کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جائے حادثے سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہDistrict Administration Sherani
ضلع شیرانی کے ڈپٹی کمشنر حضرت والی کاکڑ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور ریسکیو ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ متعلقہ انتظامی افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
دانہ سر کہاں واقع ہے ؟
دانہ سر انتظامی لحاظ سے بلوچستان کے ضلع شیرانی کا حصہ ہے جو کوئٹہ سے اندازاً چار سو کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مشرق میں واقع ہے ۔
اس ضلع کی سرحد شمال مشرق میں خیبر پشتونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے لگتی ہے ۔
ضلع شیرانی میں دانہ سر سے شاہراہ کوئٹہ اور خیبر پشتونخوا اور کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان مختصر ترین شاہراہ ہے۔ یہ ایک دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے جہاں شاہراہ کے ساتھ گہری کھائیاں ہیں۔





















