اسلام آباد میں جاری سہ فریقی مذاکرات، سنیچر کو دن بھر کیا ہوتا رہا؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں ’ماہرین کی سطح پر‘ مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات کے اس مرحلے میں دونوں فریقین کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کے ’تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
اس سے قبل دونوں فریقین کے درمیان پاکستانی ثالثوں کی موجودگی میں سربراہان کی سطح پر بات چیت ہوئی تھی۔
دن بھر کی کوریج کے اہم نکات
- براہِ راست مذاکرات کی تصدیق پاکستانی ذرائع اور وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ، ایران اور پاکستان کے نمائندے ایک ہی میز پر بیٹھ کر بات چیت کر رہے ہیں۔
- مذاکرات سے قبل امریکی اور ایرانی وفود نے الگ الگ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق ’تعمیری انداز‘ میں آگے بڑھیں گے۔
- اسلام آباد میں جاری بات چیت مکمل طور پر بند دروازوں کے پیچھے ہو رہی ہے، اور صحافیوں کو بہت محدود معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستانی دارالحکومت میں سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔
- امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کوریج کے لیے دونوں ممالک کے وفود کے علاوہ دنیا بھر سے صحافی بھی اسلام آباد پہنچے ہیں جن کے لیے جناح کنونشن سینٹر میں مرکز بنایا گیا ہے۔
- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ ایران ’بُری طرح ہار رہا ہے‘ اور یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز جلد کھل جائے گی۔
- ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایکس پر لکھا کہ پاکستان میں موجود ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد پوری قوت کے ساتھ ایرانی مفادات کا تحفظ کر رہا ہے اور اس سلسلے میں جرأت مندی کے ساتھ مصروف رہے گا۔
- لبنان میں کشیدگی برقرار اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد حزب اللہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان میں چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔














