ہنگو میں سکیورٹی آپریشن کے دوران پاکستانی فوج کے ایک کیپٹن اور سات شدت پسند ہلاک: آئی ایس پی آر
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ضلع ہنگو میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن میں سات مبینہ شدت پسند ہلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ اس کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سات اگست 2026 کو سکیورٹی فورسز نے ہنگو میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
فوج کے بیان کے مطابق ’سکیورٹی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے بعد مبینہ شدت پسند ایک مسجد میں چلے گئے۔‘
بیان کے مطابق ’بعد میں ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں سات شدت پسند ہلاک ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ اس کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم بھی ہلاک ہو گئے۔
فوج کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم ضلع نارووال کے رہائشی تھے اور آپریشن کے دوران اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہX.com/ OfficialDGISPR
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فوج کے مطابق یہ افراد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود دیگر مبینہ شدت پسندوں کا سراغ لگایا جا سکے۔


















