آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, اسرائیل سے آسٹریا جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد بلغاریہ موڑ دیا گیا

اسرائیل سے آسٹریا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی ایک پرواز کو مبینہ بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد بلغاریہ کا رخ کرنا پڑا۔ بلغاریہ کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ایئربس A320 طیارہ اتوار کی شب تل ابیب سے ویانا جا رہا تھا، تاہم ہنگامی صورتحال کے باعث اسے صوفیا میں اتار لیا گیا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. فرانس میں جاری بد امنی کے باوجود میخواں خلیجی ممالک کے دورے پر روانہ

    فرانس کے صدر ایمانویل میخواں ملک بھر میں ہونے والی پرتشدد بدامنی کے بعد خلیجی ممالک کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔

    اتوار تک یہ واضح نہیں تھا کہ میخواں اپنا یہ دورہ جاری رکھیں گے یا نہیں، تاہم انھوں نے اتوار کی شام قوم سے خطاب کے دوران تصدیق کی کہ یہ دورہ منصوبے کے مطابق ہوگا۔

    اپنی تقریباً دس منٹ کی تقریر میں میخواں نے کہا: ’میں نے بین الاقوامی سطح پر متعدد اقدامات کیے ہیں تاکہ ایندھن اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، اور اسی مقصد کے تحت خلیجی ممالک کا دورہ جاری رکھوں گا تاکہ سپلائی محفوظ بنائی جا سکے۔‘

    میخواں تین روزہ دورے پر پیر کی صبح کویت پہنچے۔

    اس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر کا بھی دورہ کریں گے، جبکہ بدھ کے روز فرانس واپس لوٹنے کا پروگرام ہے۔

    یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب فرانس کی حکومت ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد احتجاج، لوٹ مار اور ہنگامہ آرائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  2. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت میں چار ماہ دس دن بعد موبائل انٹرنیٹ سروس بحال, صحافی، نصیر چوہدری

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں چار ماہ دس دن کی بندش کے بعد موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے تاہم خطے کے بعض دیگر اضلاع میں تاحال موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہے۔

    حکام نے یہ سروس پانچ جون کو کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے نو جون کو دی گئی احتجاج کی کال کے تناظر میں بند کر دی تھی اس دوران موبائل فون کالز کی سہولت بحال رہی جبکہ موبائل انٹرنیٹ اور ڈی ایس ایل سروس متاثر ہوئی تھی۔

    اس سے قبل دارالحکومت میں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی تھی۔

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیرِاعظم نے گذشتہ روز انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد گذشتہ رات سے موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بحال ہونا شروع ہو گئی۔

    تاہم راولاکوٹ، باغ، کوٹلی اور سدھنوتی سمیت دیگر اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی تاحال نہیں ہو سکی دوسری جانب کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ضلع راولاکوٹ میں پانچ جون سے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہے جو تاحال جاری ہے۔

    موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو آن لائن رابطوں معلومات تک رسائی اور روزمرہ کے ڈیجیٹل امور میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

  3. صدر میخواں نے فرانس کے وزیرِ داخلہ کا استعفیٰ مسترد کر دیا

    فرانس کے صدر ایمانویل میخواں نے ملک میں حالیہ پرتشدد بدامنی کے بعد وزیرِ داخلہ لوراں نونیز کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    میخواں نے کہا ہے کہ لوراں نونیز کو اپنے عہدے پر برقرار رہنا چاہیے اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے جلد از جلد نئی حکمتِ عملی اور اقدامات پیش کرنے چاہیں۔

    فرانسیسی صدر نے تشدد کے واقعات کا ذمہ دار سکیورٹی اداروں کی منصوبہ بندی اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے میں ناکامی کو قرار دیا۔

    یہ بدامنی ملک بھر میں زندگی گزارنے کی بڑھتی ہوئی لاگت اور عوامی خدمات کی بگڑتی صورتحال کے خلاف ہونے والے وسیع احتجاجی مظاہروں کے بعد سامنے آئی۔

    میخواں نے اتوار کو اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں ایک بار پھر خبردار کیا کہ تشدد میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ جائز مطالبات رکھنے والے مظاہرین اور توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔

    فرانس کے وزیرِ اعظم سیباستیاں لیکورنو آج ہفتے اور اتوار کو ملک بھر میں ہونے والی بدامنی اور تشدد کے واقعات پر غور کے لیے ہنگامی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    یہ اجلاس مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہونے کی توقع ہے، جس میں تشدد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، معیشت، انشورنس کے معاملات اور امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    دوسری جانب، ملک بھر کے میئرز کا ایک گروپ دوپہر کے وقت مختلف ٹاؤن ہالز کے باہر جمع ہوگا تاکہ ان کے بقول ’جمہوری اداروں پر سنگین حملوں‘ کی مذمت کی جا سکے۔

    گذشتہ ہفتے کے آخر میں فرانس کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد حکومت کو شدید دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیرِ داخلہ لوراں نونیز سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    فرانسیسی صدر ایمانویل میخواں کے دفتر کے مطابق، لوراں نونیز نے اتوار کو استعفیٰ دینے کی کوشش کی تھی، تاہم صدر نے انھیں عہدے پر برقرار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں مسلسل قیادت کی ضرورت ہے۔

  4. اسرائیل سے آسٹریا جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد بلغاریہ موڑ دیا گیا

    اسرائیل سے آسٹریا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی ایک پرواز کو مبینہ بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد بلغاریہ کا رخ کرنا پڑا۔

    بلغاریہ کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ایئربس A320 طیارہ اتوار کی شب تل ابیب سے ویانا جا رہا تھا، تاہم ہنگامی صورتحال کے باعث اسے صوفیا میں اتار لیا گیا، جہاں مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا۔

    وزارت کے بیان کے مطابق بلغاریہ کی فضائیہ نے طیارے کی نگرانی اور حفاظت کے لیے ایک مگ-29 لڑاکا طیارہ بھی روانہ کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    بلغاریہ اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے کے بارے میں بم کی دھمکی دی گئی تھی، جبکہ آسٹرین ایئرلائنز نے بھی دھمکی موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    اے ایف پی کے مطابق ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں 51 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

    دھمکی موصول ہونے کے تقریباً 30 منٹ بعد صوفیا میں لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے کی مکمل سکیورٹی تلاشی لی گئی۔ اس وقت طیارہ رومانیہ کی فضائی حدود میں تھا جب اسے صوفیا کی جانب موڑ دیا گیا۔

    فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق آسٹرین ایئرلائنز کی پرواز 82 اتوار کی شام تل ابیب کے بین گوریون ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی اور تقریباً تین گھنٹے بعد صوفیا کے واسیل لیوسکی ایئرپورٹ پر اتری۔

    یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گذشتہ ماہ تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز میں ایک پائلٹ نے کپتان پر حملہ کر کے طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم عملے اور مسافروں نے اسے قابو کر لیا تھا اور طیارہ بحفاظت سعودی عرب میں اتار لیا گیا تھا۔

    گذشتہ ہفتے بھی یونان کے جزیرے کورفو سے جرمنی کے شہر نیورمبرگ جانے والی ایک تجارتی پرواز سے غلطی سے ہائی جیکنگ کا الرٹ جاری ہونے پر کروشیا اور جرمنی نے اپنے لڑاکا طیارے روانہ کیے تھے۔

  5. حالیہ دنوں میں سائبر حملوں میں اضافہ ہوا ہے:ایران کی وزارتِ مواصلات کے معاون

    ایران کی وزارتِ مواصلات کے معاون اور کمپنی ارتباطاتِ زیرساخت کے چیف ایگزیکٹو بہزاد اکبری کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران ایران پر سائبر حملوں میں ’نمایاں اضافہ‘ دیکھا گیا ہے۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں ایران کے سرکاری اداروں، نجی کمپنیوں اور آن لائن کاروباروں کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ ’گذشتہ دو دنوں کے دوران ملک کے مواصلاتی نیٹ ورکس اور بنیادی ڈھانچے کے خلاف ڈی ڈی او ایس (DDoS) حملوں کی شدت اور تکرار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔‘

    اکبری کے مطابق ان حملوں کا بڑا حصہ ملک کے اندر اور باہر موجود دفاعی نظاموں کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا اور نیٹ ورک کا استحکام برقرار رکھا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’تنظیمیں، آن لائن کاروبار، ڈیٹا سینٹرز اور ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے والے ادارے سکیورٹی نگرانی میں اضافہ کریں اور اپنے حفاظتی نظاموں کی تیاری اور دفاعی ترتیبات کو مزید مضبوط بنائیں۔‘

    وزارتِ مواصلات کے معاون کا یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان لفظی کشیدگی میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم کے بارے میں رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں۔

  6. روس پر بعض پابندیوں کی معطلی کا مقصد ماسکو کو مذاکرات میں شامل رکھنا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس پر بعض پابندیوں کو معطل کرنے کا ان کا فیصلہ ماسکو کو امن مذاکرات کے عمل میں شامل رکھنے کے لیے کیا گیا۔

    ٹرمپ نے اتوار کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا: ’میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہا ہوں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ وہ ’کسی غیر دانشمندانہ اقدام کے ذریعے روس کو مذاکرات کی میز سے دور نہیں کرنا چاہتے۔‘

    ٹرمپ نے جمعے کی شام، روس کے خلاف نئی پابندیوں کے ایک پیکیج کے نافذ ہونے سے صرف دو دن قبل، ان پابندیوں پر عمل درآمد روک دیا تھا۔

    یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کے اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے درمیان اختلافات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب زیلنسکی نے اتوار کو این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہم آہنگی اختیار کرنا ’ایک تاریخی غلطی‘ ہوگی۔

  7. بنیامن نیتن یاہو امریکہ کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی انتخابات سے قبل ایک بار پھر بنیامن نیتن یاہو کی ’مکمل حمایت‘ کے اعلان کے چند گھنٹے بعد، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم امریکہ کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

    عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ’آخری بار جب آپ نے معاملہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی کوشش کی تھی تو ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا تھا۔ کیا آپ دوبارہ اپنی قسمت آزمانا چاہتے ہیں؟ ضرور آزمائیں، لیکن محتاط رہیں، ہمارے بھی کچھ نامکمل کام باقی ہیں۔‘

    عراقچی کا یہ بیان ٹرمپ اور نیتن یاہو کے حالیہ بیانات کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، جن میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران کے رویے میں تبدیلی نہ آئی تو امریکہ اور اسرائیل مل کر ’معاملہ ختم کر دیں گے۔‘

    اتوار کی شب سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں عراقچی نے مزید لکھا: ’نیتن یاہو جیل سے بچنے کے لیے امریکہ کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں، خواہ اس جنگ کے اسرائیل پر جو بھی نتائج مرتب ہوں، چہ جائیکہ امریکہ کے صدر پر۔"

    اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات تقریباً ایک ہفتے بعد، 27 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ہیں۔ ان انتخابات کے نتائج بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے مستقبل پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

  8. بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، چار شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے چار شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

    ایک آپریشن کے دوران آئی ای ڈی دھماکے میں ایک افسر میجر وجاہت بھی مارے گئے۔

    فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کو ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور اور ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

    بیان کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو جٹک آباد، قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار شدت پسند ہلاک کر دیے گئے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

    دوسری جانب تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشن کے دوران اگلے دستے کو، جس کی قیادت 34 سالہ میجر وجاہت وحید کر رہے تھے، دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ میجر وجاہت وحید لاہور کے رہائشی تھے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

  9. یمن میں سعودی حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے: حوثی ترجمان کا دعویٰ

    حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی جنگی طیاروں نے یمن میں 110 فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔

    بیان کے مطابق حملوں میں دارالحکومت صنعاء کے علاوہ الحدیدہ، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، الجوف، الضالع اور مأرب کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یحییٰ سریع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

    سعودی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    حوثی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز کے بعد سے اب تک یمن پر 2,652 سعودی فضائی اور میزائل حملے کیے جا چکے ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

    سعودی حکام کا ابہا شہر کے لیے ہنگامی الرٹ، بعد میں خطرہ ٹلنے کا اعلان

    سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ قومی ابتدائی انتباہی پلیٹ فارم نے جنوب مغربی صوبہ عسیر کے دارالحکومت ابہا کے لیے ’ممکنہ خطرے‘ کا الرٹ جاری کیا تھا۔

    محکمے کے مطابق کچھ ہی دیر بعد اعلان کیا گیا کہ خطرہ ٹل چکا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ اپنی حفاظت کے لیے سول ڈیفنس کی ہدایات پر عمل جاری رکھیں اور غیر ضروری طور پر مجمع لگانے یا ویڈیو بنانے سے گریز کریں۔

    حکام نے فوری طور پر خطرے کی نوعیت یا اس کی وجہ کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

  10. روس کے وزیر خارجہ آج تہران جائیں گے

    روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف آج تہران کا دورہ کریں گے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ دورہ تہران اور ماسکو کے درمیان جاری مشاورت کے سلسلے کی کڑی ہے۔

    ان کے مطابق ملاقاتوں میں دو طرفہ معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایران اور روس باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا دورہ اسی تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔

  11. سعودی عرب کو فوجی معاونت کی منظوری سے متعلق درخواست پر مصری رکنِ پارلیمان میں ووٹنگ آج

    مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے سعودی عرب کو فوجی معاونت کی منظوری سے متعلق درخواست پر آج پارلیمان ووٹنگ کیے جانے کا امکان ہے۔

    گذشتہ روز اجلاس کے دوران ممکنہ ووٹنگ مؤخر کر دی گئی تھی۔ ایک مصری رکنِ پارلیمان کا کہنا تھا کہ اجلاس کا دورانیہ اس لیے بڑھایا گیا تاکہ تمام ارکان کو اظہارِ خیال اور اپنی آرا پیش کرنے کا موقع مل سکے۔

    مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ارکانِ پارلیمان سے درخواست کی تھی کہ اگر سعودی عرب حوثیوں کے حملوں کے خلاف معاونت طلب کرے تو مصر کو اس کی حمایت کی اجازت دی جائے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ اس اقدام کے لیے مصری پارلیمان کی منظوری درکار ہے، اسی لیے میں نے ہنگامی اجلاس بلانے اور سعودی عرب کی درخواست کی صورت میں ہمیں کارروائی کا اختیار دینے کی درخواست کی ہے۔‘

    مصر 2015 میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد میں شامل ہوا تھا، اگرچہ اس کا کردار زیادہ تر بحیرۂ احمر کی بحری گزرگاہوں کے تحفظ تک محدود رہا ہے، نہ کہ محاذِ جنگ پر براہِ راست فوجی کارروائیوں تک۔

    حوثیوں سے وابستہ متعدد شخصیات نے مصر کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ان کی جنگ میں مداخلت نہ کرے کیونکہ ان کے بقول ایسی مداخلت بالآخر اسرائیل کے مفادات کو تقویت دے گی۔

    اگرچہ انھوں نے براہِ راست دھمکیاں دینے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے 1960 کی دہائی میں یمن میں مصر کی فوجی مداخلت کا حوالہ دیا، جس کے نتیجے میں مصر کو بھاری انسانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

  12. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ صوبہ البرٹا میں ایک فوجی اڈے پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں چار کینیڈین فوجی ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
    • یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کے قریب موجود ملازمین اور شہریوں کو ایک بار پھر انخلا کی وارننگ جاری کی ہے۔ حوثی ذریعے نے آرامکو کے شیئر ہولڈرز سے بھی اپیل کی کہ وہ ’دیر ہونے سے پہلے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے‘ اپنے حصص فروخت یا واپس لے لیں۔
    • یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی صوبہ تعز کے سنامہ اور صراری محاذوں پر انھوں نے پیش رفت کی ہے۔
    • سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر نجران میں ایک پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ سعودی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق واقعے میں تین رہائشی مکانات اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
    • ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اس بار ملک کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور تباہ کن ہوگا۔
    • ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران نے اب تک امریکہ کی تازہ ترین تجویز کا جواب نہیں دیا تاہم شرائط پوری ہونے پر مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی شرائط واضح ہیں اور سات روزہ منصوبے کی صورت میں امریکہ کے سامنے پیش کی جا چکی ہیں۔
    • بلوچستان کے ضلع خضدار سے نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں سمیت 18 افراد کو اغوا کرلیا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ ضلع کی تحصیل نال کےعلاقے بیسار اناری میں پیش آیا۔