لائیو , پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والا میزائل تیار کرنے کا دعویٰ
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے اپنے پہلے میزائل ’فَاز‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خلاصہ
پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
ایران کے مطالبات پر امریکہ کا جواب 'قابلِ اطمینان' نہیں، محسن رضائی
حکومت کا ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولنے اور کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا اعلان
ٹرمپ کی ایران پر حملے کی تصدیق: ’ایران میں اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کو نشانہ بنایا گیا‘
سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار
لائیو کوریج
پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہx/PakTVGlobal
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فَاز‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے پاکستان فضائیہ کی عملی اور آپریشنل استعداد میں اضافہ ہو گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے اسے قومی دفاعی صلاحیتوں اور خود انحصاری کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
ہسپانوی فٹبالر میچ کے دوران گول کیپر سے ٹکرانے کے بعد ہلاک
،تصویر کا ذریعہAlamy
ہسپانوی فٹبال ٹیم ٹینیرائف کے سٹرائیکر خیسوس دے میگیل ایک میچ کے دوران زخمی ہونے کے بعد وفات پا گئے ہیں۔ ان کی عمر 30 برس تھی اور وہ سپین کے دوسرے درجے کی ایک لیگ کے میچ کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے۔
سوموار کے روز کھیلے جانے والے میچ کے دوران ٹینیرائف ایف سی اینڈورا کے خلاف میچ میں گول کیپر خیسوس اووونو کے ساتھ ٹکر کے نتیجے میں ان کے سر اور سینے پر چوٹیں آئی تھیں۔
گذشتہ روز میگیل کی حالت کو ’مستحکم لیکن تشویشناک‘ قرار دیا گیا تھا، تاہم منگل کی صبح ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور ہسپانوی کھلاڑی وفات پا گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، ہسپانوی پولیس نے دے میگیل کی وفات کے بعد ممکنہ غیر ارادی قتلِ خطا کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہسپانوی قانون کے تحت، ایسی ہر موت جسے غیر طبعی قرار دیا جائے، خودکار طور پر عدالتی تحقیقات کا باعث بنتی ہے۔
لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی معاہدے کا بنیادی نکتہ ہے: اسماعیل بقائی
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی معاہدے کا بنیادی نکتہ ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران قطری ثالثوں کے ذریعے مذاکرات اور امریکہ کے ساتھ پیغامات کے تبادلے کی پیش رفت سے متعلق ایک سوال کا انھوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے مطالبات واضح ہیں۔ جب تک ہمارے مطالبات، جو مکمل طور پر جائز اور معقول ہیں، پورے نہیں کیے جاتے، ہم خطے میں سلامتی کی بحالی کے بارے میں بات نہیں کر سکتے۔ ہم یہ تصور نہیں کر سکتے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ روکنے کے عزم کے بغیر کسی مفاہمت تک پہنچا جا سکتا ہے۔‘
’اسلام آباد مفاہمت کے پہلے نکتے کے مطابق، جس کی امریکہ نے بدقسمتی سے خلاف ورزی کی، لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کا معاملہ کسی بھی سفارتی عمل کے اہم نکات میں شامل ہو گا۔‘
ایران کے مطالبات پر امریکہ کا جواب ’قابلِ اطمینان‘ نہیں، محسن رضائی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ایران کے مطالبات پر امریکہ کا جواب ’قابلِ اطمینان‘ نہیں تھا۔
بی بی سی فارسی کے مطابق محسن رضائی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’ایران کے حقوق اور مطالبات کے بارے میں امریکہ کا جواب قابلِ اطمینان نہیں تھا، اور انھیں ایران کی ساتوں شرائط کا مکمل اور واضح جواب دینا اور ان پر عمل کرنا چاہیے۔ صرف اسی صورت میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جائے گی۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ چند روز میں ایران اور امریکہ کے درمیان قطری ثالثوں کے ذریعے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے مذاکرات ہوئے ہیں، تاہم ان کا نتیجہ تاحال واضح نہیں۔
گذشتہ ہفتے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے محسن رضائی کو ایک خط لکھا تھا۔
تاحال یہ معلوم نہیں کہ آیا محسن رضائی نے اس خط کا جواب دے دیا ہے یا نہیں۔ تاہم عباس عراقچی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ چونکہ یہ خط قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کے نام لکھا گیا تھا، اس لیے اس کا جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی انہی کے اختیار میں ہے۔
حکومت کا ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولنے اور کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا اعلان
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Imagesا
پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں لیکوڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جائے گا اور ایل پی جی کوٹہ سسٹم ختم کر دیا جائے گا۔
منگل کے روز وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز وزیرِ اعظم نے توانائی کے معاملے پر ایک میٹنگ کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل پی جی کی درآمد مسابقت کی بنیاد پر کھولی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی قیمت کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں سے شکایات آ رہی ہیں کہ ایل پی جی 700 سے 800 فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ عدم دستیابی کی بھی شکایات ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ملک میں ایل پی جی کی اس وقت کل مانگ 24 لاکھ ٹن ماہانہ کے قریب ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے چھ، سات ہزار ٹن بنتی ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم کے مطابق 2000 سے 2500 ٹن ایل پی جی مقامی طور پر پیدا کی جاتی ہے جبکہ مجموعی مانگ کا تقریبا نصف حصہ مغربی سرحد سے آتا ہے جس میں مشکلات آئی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اس کے علاوہ بقیہ ایل پی جی سمدر کے راستے آتی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ حکومت سردیوں میں گیس کی فراہمی کے لیے کام کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ سردیوں میں کھانے میں تینوں اوقات میں صارفین کو گیس فراہم کی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے توانائی کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپیٹیشن کے ذریعے باہر سے سستا سے سستا ایندھن لانے کی کوشش کی جائے گی اور عوام کو اس ہی قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ اس کے علاوہ حکومت نے ایل پی جی کوٹے کا نظام بھی ختم کر دیا ہے۔
’مقامی کمپنیوں کو کہا جائے گا کہ وہ پانچ یا 10 ٹن کی لاٹ بنا کر اس کی نیلامی کریں اور نیلامی کے ان نتائج کو شائع کیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پی ایس او، سوئی سدرن اور پاکستان ایل پی جی لمیٹد کو ایل پی جی کی ’بلک‘ مقدار میں درآمد کا حکم دیا ہے۔
ٹرمپ کی ایران پر حملے کی تصدیق: ’ایران میں اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم کو نشانہ بنایا گیا‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو ٹیلی فونک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ایران پر حملے کیے ہیں۔ اس سے قبل آبنائے ہرمز میں واقع جزیرے قشم کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران نے طیارہ شکن نظام کی ایک تنصیب بنائی تھی اور جیسے ہی یہ مکمل ہوئی، ہم نے گذشتہ رات اسے کامیابی سے نشانہ بنایا۔‘ انھوں نے اس کارروائی کو ’محدود حملہ‘ قرار دیا۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان دوبارہ لڑائی کسی کے مفاد میں نہیں ہو گی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے ایک نئے دور سے بچنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
پزشکیان نے حکومتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا۔‘ انھوں نے کہا کہ تنازع کو ’مذاکرات کے ذریعے‘ حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو ان معاملات پر بات چیت کرنے کے اختیارات دیے ہیں جنھیں وہ پہلے ممنوع قرار دیتے تھے۔ تاہم انھوں نے ان معاملات کی مزید وضاحت نہیں کی۔
سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار, ریاض سہیل، بی بی سی اردو، کراچی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
حکومتِ سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کو 29 نومبر کو کراچی کی شاہراہِ فیصل پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں 29 نومبر کو شہر کی مرکزی شاہراہ پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے کے لیے باقاعدہ اجازت لینا ہوگی اور اپنی سرگرمیاں پُرامن اور قانونی طریقے سے انجام دینا ہوں گی۔
انھوں نے ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’شاہراہِ فیصل پر جلسے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی اور ایم کیو ایم کو 12 مئی جیسے واقعات دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں کرنے کی آزادی ہے، تاہم کوئی بھی فریق حکومت پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کر سکتا۔ ان کے بقول حکومت کسی صورت تصادم اور بدامنی کی فضا پیدا نہیں ہونے دے گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر چکی ہیں۔ سندھ اسمبلی اس معاملے پر فیصلہ دے چکی ہے اور اس سے بالاتر کوئی قانون یا فیصلہ نہیں ہو سکتا۔
شرجیل میمن نے ایم کیو ایم رہنماؤں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عوامی حیثیت ایسی نہیں کہ وہ کونسلر بھی منتخب ہو سکیں۔ ان کا الزام تھا کہ یہ رہنما براہِ راست عوامی ووٹوں کے بجائے ’بیک ڈور اور چور دروازے‘ سے اسمبلیوں میں پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ قوم پرست جماعت سندھ ترقی پسند پارٹی نے چند ہفتے قبل 29 نومبر کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیر کو ایم کیو ایم نے بھی اسی روز جلسے کا اعلان کیا۔
گذشتہ روز کی اہم خبریں
قطر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اسے اب بھی امید ہے کہ امریکہ اور ایران کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے اور دونوں ملک مذاکراتی عمل کے لیے پُر عزم ہیں۔‘ جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کہا کہ ایران سے معاہدہ ہو سکتا ہے۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت کے گزرنے کی کوشش کرنے والے تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ روسی بمباری میں ایک امدادی سامان تقسیم کرنے والے مرکز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے اس حملے کو ’انتہائی ہولناک‘ قرار دیا ہے۔
سعودی عرب میں ہونے والے 2027 کے ایشین کپ فٹبال کو میزبان ملک پر ہونے والے متعدد ہلاکت خیز حملوں کے بعد ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے منافع میں رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران نو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کو اس اضافے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جنگ کے باعث ہونے والے اضافے سے فائدہ پہنچا، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود اس راستے سے تیل کی برآمدات بھی مضبوط رہیں۔
اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کے علاقے مکہ مکرمہ میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔ اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایکس پر جاری بیان میں ڈرون کو روکنے اور تباہ کرنے کی تصدیق کی، تاہم انھوں نے ڈرون کی سمت، اسے بھیجنے والے یا اس کے ممکنہ ہدف کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان کے محکمۂ انٹیلیجنس کے سربراہ ملا عبدالحق واثق کو طبی علاج کے لیے متحدہ عرب امارات جانے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔
نیپال میں ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک انڈین شہری ہلاک جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں
خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی
بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔