انڈیا: کالے دھن کے خلاف کارروائی، پانچ سو اور ایک ہزار کا نوٹ ختم

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا میں مودی حکومت نے کالے دھن کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے آٹھ اور نو نومبر کی درمیانی رات سے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ غیر معمولی اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نریندر مودی نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹ ہیں وہ انہیں ڈاک خانوں اور اپنے بینک کھاتوں میں جمع کراسکیں گے اور جمع کرائی جانے والی رقم کے لیے کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ رقم آپ کی ہی رہے گی۔
لیکن جن لوگوں کے پاس کالا دھن ہے، اگر وہ یہ رقم بینکوں میں جمع کراتے ہیں تو انہیں محکمہ انکم ٹیکس کو جواب دینا ہوگا کہ یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی اور اس پر انہوں نے ٹیکس کیوں جمع نہیں کرایا تھا۔
بینکوں میں یہ سہولت دس نومبر سے تیس دسمبر تک دستیاب رہے گی۔
وزیر اعظم نے یہ اعلان بھی کیا کہ منگل کو اور ملک کے کچھ علاقوں میں بدھ کو بھی اے ٹی ایم مشینیں بند رہیں گی۔ منگل کو بینک بھی صارفین کے لیے بند رہیں گے تاکہ وہ خود کو نئے نظام کے لیے تیار کرسکیں۔
اس کے علاوہ حکومت نے دو ہزار روپے کا نیا نوٹ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئندہ چند دنوں تک بینکوں سے رقم نکالنے پر بھی کچھ پابندیاں عائد رہیں گی، یعنی کتنی رقم نکالی جاسکتی ہے، تاہم وزیر اعظم کے مطانق یہ پابندیاں جلد ہی ہٹا لی جائیں گی۔
حکومت کے اس اعلان کے بعد سو روپے کا نوٹ ہی سب سے بڑا نوٹ رہ جائے گا۔
واضح رہے کہ انڈیا میں بدعنوانی ایک بڑا مسئلہ ہے اور بعض تخمینوں کے مطابق ملک کی متوازی معیشت کی مالیت بھی کھربووں ڈالر ہے۔
حکومت اس رقم کو نکلوانا چاہتی ہے۔ ستمبر میں ہی ایک ایمنسٹی سکیم ختم ہوئی ہے جس میں لوگوں کو کالا دھن ڈکلئر کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔





















