’ہم ایک معجزہ دیکھ رہے ہیں‘: آئی پی ایل کا نیا ریکارڈ اور انڈیا کے 15 سالہ بلے باز جنھیں کرس گیل نے ’چھکے مارنے والی مشین‘ قرار دیا

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, میتھیو ہینری
- عہدہ, بی بی سی سپورٹس جرنلسٹ
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 5 منٹ
انڈیا کے ابھرتے ہوئے بلے باز ویبھو سوریاونشی نے انڈین پریمیئر لیگ میں ایک اور ایسی اننگز کھیلی ہے جس کے بعد ایک طرف تو کرس گیل نے انھیں ’چھکے مارنے والی مشین‘ قرار دیا ہے تو دوسری جانب سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ انڈیا اس 15 سالہ کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کر لے۔
اس اننگز کے دوران سوریاونشی نے، جو پہلے ہی اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے کم عمری میں ہی مشہور ہو چکے ہیں، کرس گیل کا ریکارڈ توڑتے ہوئے آئی پی ایل میں کے کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی کرس گیل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’کیسا بہترین کھلاڑی ہے ویبھو۔ نئی سکس مشین۔‘
اس اننگز کے دوران سوریاونشی نے راجھستان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف صرف 29 گیندوں پر 97 رن سکور کیے جس میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے خلاف ایک ہی اوور میں تین گیندوں پر تین چھکے بھی شامل تھے۔ انھوں نے صرف 16 گیندوں میں نصف سنچری بنا لی تھی۔

،تصویر کا ذریعہIPL
یہی نہیں بلکہ سات گیندوں پر لگاتار باوئنڈریز سکور کرنے کے بعد وہ کرس گیل کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب تھے۔ یہ ریکارڈ ہے آئی پی ایل کی سب سے تیز سنچری کا۔ لیکن آٹھویں اوور میں وہ آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر ویبھو کافی مضطرب دکھائی دیے لیکن ان کے مخالفین نے بھی انھیں مبارک بار دی جبکہ سٹیڈیم میں سب تماشائی بھی سیٹوں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔
اس موقع پر راجھستان کی ٹیم نے آٹھ اوورز میں 125 رن بنا لیے تھے۔
سابق انڈین کپتان سنیل گواسکر نے کمنٹری کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اننگز یاد رکھی جائے گی۔‘ اس اننگز کے بعد سوریاونشی آئی پی ایل کے رواں سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں بھی سرفہرست ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کی مخالف ٹیم کے لیے کھیلنے والے پیٹ کمنز نے کہا کہ ’اگر آپ کا یارکر تھوڑا سا بھی ادھر ادھر ہوتا ہے تو وہ چوکتا نہیں ہے۔‘
سوریا ونشی کے پولین لوٹنے کے بعد سنرائزرز کی ٹیم نے راجھستان کو 243 رنز پر محدود کیا لیکن پھر 47 رنز سے ہار گئے۔
انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے ابھیشیک شرما کو دوسری ہی گیند پر آؤٹ کر دیا جبکہ ایشان کشن نے 33 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رن بنائے۔

،تصویر کا ذریعہX/@henrygayle
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
واضح رہے کہ ویبھو سوریاونشی اس وقت سے شہ سرخیوں میں ہیں جب انھوں نے اپریل 2025 میں صرف 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل کھیلتے ہوئے پہلی گیند پر ہی چھکا مارا تھا۔ اسی سیزن میں وہ ٹی ٹوئنٹی سنچری سکور کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے تھے۔
رواں سال کے آغاز میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے سوریاونشی نے 175 رن سکور کیے تھے۔ اس کے بعد آئی پی ایل کے دوران انھوں نے ایک اور سنچری بنائی اور اس وقت بھی مخالف ٹیم حیدرآباد ہی تھی۔
سوریاونشی کو آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والی ایک روزہ سہ فریقی سیریز کے لیے انڈیا اے کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے تاہم بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ انھیں قومی ٹیم میں شامل کیا جائے جس کے لیے موسم گرما میں انگلینڈ دورہ ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے۔
سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے ایکس پر لکھا کہ ’سوریاونشی دنیا میں ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بہترین اوپنر ہے۔ انڈیا کو چاہیے کہ اسے ٹیم میں شامل کریں۔‘
سابق انڈین کھلاڑی محمد کیف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ہم ایک معجزہ دیکھ رہے ہیں، ایک مستقبل کا سٹار جو حیران کن چھکے مارتا ہے اور جس نے آئی پی ایک میں یونیورس باس کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اور ابھی وہ 15 سال کا ہے۔‘
























